کنداپور 9؍اپریل (ایس او نیوز)ساحلی علاقے میں شدید گرمی کی جو لہر چل پڑی ہے اس کا شکارامپارو نامی علاقے کا وسنت شیٹی (40سال)ہوگیا جو اپنے کھیت میں کام کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
کہتے ہیں کہ وسنت شیٹی بینگلورو میں بیکری چلایا کرتا تھا اور اکثر وبیشتر اپنی کھیتی باڑی کے کام سے وہ آبائی گاؤں امپارو بھی آجاتا تھا۔ اس بار بھی وہ حسب معمول اپنے کھیت میں کام کررہا تھا کہ اچانک چکرا کر گر گیا۔ اس وقت کھیت میں دو اور مزدور کام کررہے تھے جنہوں نے وسنت کو اسپتال پہنچایا مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ گمان کیا جاتا ہے کہ بینگلورو کے موسم کے عادی وسنت سے کنداپور کی اتنی شدید گرمی برداشت نہیں ہوئی اور وہ موت کا شکار ہوگیا۔